ممبئی ،23ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)پولیس نے پڑوسی رائے گڑھ ضلع میں یوران میں واقع فوجی ادارے کے پاس نظر آئے مشتبہ افراد کے خاکے جاری کیے ہیں۔ان مشتبہ افراد کو ڈھونڈنے کے لئے مختلف ایجنسیوں کی تحقیقاتی مہم جاری ہے اور ممبئی کے ساحلی علاقوں اور ارد گرد کے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔پولیس نے آج کہا کہ ہتھیاروں سے لیس مشتبہ افراد کو دیکھنے والے کچھ اسکول کے بچوں سے ملی تفصیلات کی بنیاد پر مشتبہ افراد کے خاکے کل دیر رات جاری کئے گئے۔یوران اور ارد گرد کے علاقوں کے اسکولوں اور کالجوں کو آج بند کر دیا گیا ہے۔فوجی ترجمان راہل سنہا نے پہلے کہا تھا کہ رپورٹ کے مطابق پٹھانی سوٹ پہنے پانچ سے چھ افراد کو دیکھا گیا تھا اور وہ ہتھیار لئے ہوئے تھے اور کمر پر بیگ ٹاں گے ہوئے تھے،کچھ رپورٹوں میں کہا گیا کہ یہ مشتبہ فوجی وردی میں تھے۔بحریہ، کوسٹ گارڈ، سی آئی ایس ایف اور فوری جوابی فورس کی مدد سے یوران اور کراجا علاقوں میں تحقیقاتی مہم چلائی جا رہی ہیں لیکن پولیس کو اب تک مشتبہ افراد کا سراغ نہیں مل پایا ہے۔پولیس نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی گارڈ(این ایس جی)اور ریاستی پولیس کی خصوصی یونٹ جنگلی فورس کو بھی تلاش کے کام میں لگا دیا گیا ہے۔